تعارف شعبہ جات

قیادت تجنید: چالیس سال سے زائد عمر کے احباب جماعت کے تفصیلی کوائف کا اندراج، مجالس میں نئے آنے اور جانے والے انصار کے بارہ میں مرکز کو اطلاع دینا اور تنظیم کے تربیتی کاموں میں کوشش کے لئے سائقین کا تقرر۔

صف دوم: 41 سے 55 سال کی عمر کے انصار صف دوم میں شامل ہیں۔ سائیکل سفر کے ذریعہ مختلف دیہات سے رابطہ اور حسب ضرورت خدمت خلق کا کام   سر انجام دینا، ان کے پروگرام کا حصہ ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدَہُ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے انصاراللہ صف دوم کو نظام وصیت میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا ارشاد فرمایا۔ 55 سے زیادہ عمر والے انصار صف اوّل میں شمار ہوتے ہیں۔

قیادت عمومی: قائد عمومی مرکزی دفتر کا انچارج ہوتا ہے۔ مجلس کی جملہ کارروائی کا ریکارڈ رکھنا۔ ماہانہ اجلاسات کروانا۔ خدمت کے لئے منتخب کرنا۔ ریکارڈ رکھنا۔ مرکز میں قائم کمیٹیوں میں بطور سیکرٹری خدمت بجا لانا۔ اضلاع میں تبدیلیوں کے لئے کارروائی اور ریکارڈ رکھنا۔ کوئی شکایت ہو تو اسے دور کرنا۔ مرکز میں پروگرام کروانا۔ مرکز کے اضلاع میں پروگرام کروانا۔ انصاراللہ کا دوسرے مرکزی دفاتر سے رابطہ۔ بلوں پر دستخط۔ اور دوسری متفرق ضرورتوں کا خیال رکھنا۔ مجالس اور مرکز کے درمیان رابطہ۔ سال بھر کے لئے مجلس کا لائحہ عمل تیار کروانا اور اس کی نگرانی کرنا۔ سالانہ اجتماع اور مجلس شوریٰ کا انعقاد۔ مجالس کے تربیتی اجتماعات اور دیگر کاموں میں رہنمائی، مجالس انصاراللہ کے عہدیداران کا انتخاب کروانا اور تمام دفتری امور کی نگرانی اور صدر مجلس کی جملہ ہدایات کی تعمیل کروانا قیادت عمومی کے فرائض میں شامل ہے۔

قیادت تعلیم القرآن: اس قیادت کے تحت انصار بھائیوں کو قرآن کریم صحت کے ساتھ پڑھنے اور پڑھانے ، قرآن کریم کا ترجمہ سیکھنے اور سکھانے اور اس پر عمل کی طرف توجہ دلائی جاتی ہے۔ نیز وقف عارضی کی بابرکت تحریک میں حصہ لینے کی تلقین کی جاتی ہے جس کی کم از کم مدت دو ہفتے ہے۔

قیادت تعلیم: شعبہ تعلیم کا بنیادی مقصد اراکین مجلس انصاراللہ کو علم و معرفت کے حصول کی ترغیب دلانا اور دینی تعلیم کے حصول اور ترویج و اشاعت کیلئے کوشاں رکھنا ہے۔ ترجمہ و مطالب قرآن کریم، احادیث رسول ؐ، مطالعہ کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام، تدریس عربی، دیگر زبانیں سیکھنا، کتب سلسلہ کا مطالعہ، مرکزی امتحانات میں شمولیت، سالانہ علمی مقابلہ جات کی تیاری اور سالانہ مقابلہ مقالہ نویسی میں شرکت کی ترغیب و نگرانی، اِس کے نمایاں کام ہیں۔قیادت تعلیم ہر سال انصار، خدام، لجنہ، ناصرات اور اطفال کے مابین مقابلہ جات مقالہ نویسی کرواتی ہے اور پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو نقدی اور کتب انعام دی جاتی ہیں۔

قیادت تربیت: انصار کو جملہ تربیتی امور خصوصاً پنج وقتہ نمازوں کی ادائیگی، نماز تہجد، تلاوت قرآن کریم، اخلاق فاضلہ خصوصاً پانچ بنیادی اخلاق پر کار بندہونا اور ایم۔ٹی۔اے خصوصاً حضور انور کے خطبات جمعہ سے بھرپور استفادہ کی طرف توجہ دلاتے رہنا، دینی موضوعات پر کلاسز، نفلی روزہ کا اہتمام، مجالس میں تربیتی کمیٹی کا قیام اس قیادت کے فرائض میں شامل ہے۔

قیادت تربیت نومبائعین: اس قیادت کے تحت نئے شامل ہونے والے بھائیوں کی تربیت کا کام کیا جاتا ہے۔ نو مبائعین کو جماعتی نظام میں شامل کرنا ، چندوں کے نظام میں شامل کرنا، تربیتی اجلاسات اور کلاسز کا اہتمام کرنا اور ان کی اس رنگ میں تربیت کرنا کہ وہ نہ صرف جماعت کا فعال حصہ بن جائیں بلکہ دعوت الی اللہ کے کام میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے ہوں۔ اسی طرح 3 سالہ نو مبائعین سے مسلسل رابطہ اور گزشتہ ریکارڈ رکھنا بنیادی کام ہیں۔

قیادت اصلاح و ارشاد: بنی نوع انسان کی سچی ہمدردی کے جذبہ سے اصلاح و ارشاد (دعوت الی اللہ)کے پروگرام کے مطابق تمام انصار بھائیوں اور مجالس کو رابطوں کی طرف توجہ دلانا تا کہ غلط فہمیاں دور ہوں اور دنیا پیغام حق قبول کر لے۔ داعیان الی اللہ کی تیاری اور ان کلاسز کا اہتمام، اصلاح و ارشاد کمیٹی کا قیام اور دعوت الی اللہ کی تحریکات کی طرف ترغیب دلانا اس شعبہ کے ذمہ ہے۔

قیادت ایثار: بلا امتیاز مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کی کوشش کرتے رہنا، میڈیکل کیمپس کا انعقاد، فرسٹ ایڈ کی تربیت، عیدین اور دیگر مواقع پر غرباء کی خوشیوں میں شرکت ، مختلف آفات میں آفت زدہ علاقوں میں امداد، خون کے عطیات کا انتظام اور وقار عمل اور فراہمی روزگار اس قیادت کے اہم کام ہیں۔ مرکز میں ہومیو اور ایلو ڈسپنسری بھی قائم کی گئی ہے۔

قیادت ذہانت و صحت جسمانی: اس قیادت کے تحت انصاراللہ کی عمومی صحت، صبح کی سیر، ہلکی پھلکی ورزش، انفرادی و اجتماعی کھیلوں اور طبی معائنہ کی طرف توجہ دلائی جاتی ہے اور سالانہ ورزشی ریلی کا نعقاد کروایا جاتا ہے۔ہر سال کے آغاز میں یہ سالانہ پروگرام منعقد ہوتا ہے۔

قیادت تحریک جدید: تحریک جدید کے مالی جہاد میں 100% انصار کی شمولیت اور مطالبات تحریک جدید کی طرف توجہ دلاتے رہنا ۔ چندہ تحریک جدید کو مختلف ادوارکے حساب سے پانچ دفاترمیں تقسیم کیا گیا ہے:

  1. دفتر اوّل: نومبر 1934ء تا اکتوبر 1944ء ۔
  2. دفتر دوم: نومبر 1944ء تا اکتوبر 1965ء۔
  3. دفتر سوم: نومبر1965ء تا اکتوبر 1985ء۔
  4. دفتر چہارم : نومبر 1985ء تا اکتوبر 2004ء ۔
  5. دفتر پنجم :نومبر 2004ء سے شامل ہونے والے ۔

قیادت وقف جدید: وقف جدید کے مالی جہاد میں 100فیصد انصار کی شمولیت اور معاونین خصوصی تیار کرنا۔اسی طرح نگر پارکر(سندھ) کے لئے رقوم برائے امداد جمع کرنا۔

قیادت اشاعت: ماہنامہ انصاراللہ کی اشاعت و توسیع کیلئے کوشاں رہنا، مجلس کے کاموں اور رپورٹس کی اشاعت، حسب ضرورت تعلیمی و تربیتی موضوعات پر کتب کی اشاعت اور فروخت کا انتظام کرنا، انصار بھائیوں کو رسالہ انصاراللہ کے لئے مضامین لکھنے کی طرف توجہ دلاتے رہنا، کتب کی آڈیو ریکارڈنگ اور CD تیار کرنا۔

قیادت مال: اس قیادت کے تحت مجلس کا سالانہ بجٹ آمد و خرچ تیار ہوتا ہے اور مجالس کو انکے بجٹ ، وصولی اور بقایا جات کے بارے میں مطلع کیا جاتا ہے۔ تین چندہ جات ہیں: چندہ مجلس جو کہ ماہانہ آمد پر ایک فیصد ہے۔ چندہ سالانہ اجتماع ماہانہ آمد پر ڈیڑھ فیصد سال میں ایک بار۔ چندہ اشاعت لٹریچر حسب استطاعت یا کم از کم 10 روپے۔ اسی طرح مد توسیع عمارات ہے جس کا الگ سے ٹارگٹ دیا جاتا ہے۔

آڈٹ: شعبہ آڈٹ کے تحت مجلس کے ہر قسم کے حسابات ، رسید بکس اور وصولی چندہ جات کی پڑتال کا کام کیا جاتا ہے۔